اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی نے پاکستان کے خلاف اپنا موقف مزید سخت کرتے ہوئے دریائے سندھ کے حوالے سے کہا ہے کہ جو پانی ہندوستان کا ہے اسے پاکستان نہیں جانے دیا جائے گا۔
مودی نے ریاست پنجاب کے شہر بھٹنڈہ میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دریائے سندھ میں بہنے والے پانی پر ہمارے کسانوں کا حق ہے اور حکومت اپنے کاشت کاروں کو وافر مقدر میں پانی فراہم کرنے کے لیے ہر قدم اٹھائے گی۔
نریندر مودی کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے کہ جب لائن آف کنٹرول پر ہندوستان اور پاکستان کی فوجیوں کے درمیان، جھڑپوں کی وجہ سے دونوں ممالک کے تعلقات کافی کشیدہ ہیں۔
اس سے پہلے ہندوستان کے وزیراعظم نریندرمودی نے سندھ طاس معاہدے پر نظرثانی کے لئے نئی دہلی میں ایک اعلی سطحی اجلاس کیا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ خون اور پانی ایک ساتھ نہیں بہہ سکتے- مودی کے اس بیان پر پاکستان کے وزیراعظم نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ سندھ طاس معاہدہ پاکستان اور ہندوستان نے مل کر کیا ہے جو عالمی بینک کی نگرانی میں ہوا تھا اس لئے ہندوستان یک طرفہ طور پر اس معاہدے سے الگ نہیں ہو سکتا-
.......
/169